کراچی میں بھتہ خور ایک بار پھر متحرک ہوگئے، الیکٹرانکس کے کاروبار سے وابستہ تاجر کو مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے بھتے کی کال موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ پریڈی میں درج کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ تاجر عدنان کی مدعیت میں بھتہ خوری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ عبداللہ ہارون روڈ پر واقع ایک تجارتی عمارت میں الیکٹرانکس کا کاروبار کرتا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق 13 مئی کو تاجر کے واٹس ایپ نمبر پر ایک غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی، کال کرنے والے شخص نے خود کو لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والا بتایا اور 25 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔

مدعی کے مطابق ملزم نے بھتہ نہ دینے کی صورت میں اسے اور ان کے بھائی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ تاجر کا کہنا ہے کہ کال کرنے والے نے ان کے خاندان سے متعلق معلومات اور دکان پر آنے جانے کے اوقات کار بھی بتائے۔

مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بھتہ خور نے پولیس سے رابطہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ “میرے لڑکے تمہارے پیچھے ہیں”۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔