چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کیلئے دعوت نامہ موصول ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والا دعوت نامہ وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے، جبکہ بھارت جانے یا نہ جانے کا حتمی فیصلہ بھی وزیر اعظم ہی کریں گے۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کا فائنل 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد میں شیڈول ہے۔
دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس رواں ماہ دو مراحل میں منعقد ہوں گے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا، جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں منعقد کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ آئی پی ایل فائنل کے موقع پر رکھی گئی ہے، جس میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی شرکت متوقع تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان کی اجلاس میں شرکت غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔
بھارت نے محسن نقوی کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کیلئے دعوت نامہ بھیج دیا
