ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر کسی کو پاکستان کی طاقت آزمانی ہے تو آزما لے، کوئی بھی پاکستان کی سالمیت اور وقار کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ “معرکۂ حق” میں پاکستان نے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا صرف ایک محدود حصہ دکھایا تھا، جبکہ افواجِ پاکستان ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان اور ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے “معرکۂ حق” کے ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے سیاسی و عسکری قیادت کے وژن کے تحت اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو مؤثر جواب دیا اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔
انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ عرصۂ دراز سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر اس کے تمام فالس فلیگ آپریشنز ناکام ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے چند منٹ بعد ہی ایف آئی آر درج ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، جبکہ عالمی برادری آج بھی اس واقعے کے شواہد مانگ رہی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود صبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لیکن جب جواب دیا گیا تو وہ ایسا مؤثر اور بھرپور تھا کہ بھارت آج بھی اسے یاد رکھے ہوئے ہے۔
