پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق داسن شناکا اور لاہور قلندرز کے درمیان حالیہ معاہدے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
بورڈ کے مطابق کھلاڑی کی جانب سے 21 مارچ 2026 کو یکطرفہ طور پر لیگ سے دستبرداری معاہدے کی خلاف ورزی قرار دی گئی، جو پلیئر رجسٹریشن شرائط اور سہ فریقی معاہدے کے منافی تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ دستبرداری ایسے وجوہات پر کی گئی جو معاہدے کے تحت قابل قبول نہیں تھیں۔ اگرچہ سماعت کے دوران کھلاڑی نے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان میں کھیلنے کی خواہش بھی ظاہر کی، تاہم معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کے باعث تادیبی کارروائی ضروری تھی۔
فیصلے کے تحت داسن شناکا کو آئندہ ایڈیشن پاکستان سپر لیگ 12 (2027) میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں شناکا نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل سے دستبرداری پر گہرا افسوس ہے اور وہ پاکستان کے عوام، شائقین کرکٹ اور خاص طور پر لاہور قلندرز کے مداحوں سے معذرت خواہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ ایک باوقار ٹورنامنٹ ہے اور وہ اپنے فیصلے سے ہونے والی مایوسی کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ لیگ چھوڑنے کے وقت ان کا کسی اور ٹورنامنٹ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور وہ مستقبل میں دوبارہ پی ایس ایل میں شرکت کے خواہاں ہیں۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ لیگ کے وقار، پیشہ ورانہ معیار اور معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
