سیکیورٹی فورسز نے بنوں میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن اس وقت کیا گیا جب علاقے میں شدت پسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں مطلوب کمانڈر وحیداللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وحیداللہ کا شمار انتہائی مطلوب دہشتگردوں میں ہوتا تھا اور وہ متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے، جن میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مارے جانے والا دہشت گرد 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی منصوبہ ساز بھی تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بدستور جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
