صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ آپریشن میں 6 خارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سی ٹی ڈی ٹیم کی جرات، مہارت اور بروقت کارروائی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک کے امن کے لیے نہایت اہم ہیں۔
صدر نے واضح کیا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات چاہے سرحد کے اندر ہوں یا باہر، ریاست پوری قوت سے ان کا مقابلہ کر رہی ہے، اور شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں، اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتا رہے گا۔