ایران کی پاسدارانِ انقلاب (اسلامک ریولیوشنری گارڈ کور) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال دوبارہ اپنی سابقہ حالت میں واپس آ گئی ہے، جس کی وجہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی مسلسل ناکہ بندی کو قرار دیا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مشترکہ فوجی کمانڈ کے مطابق امریکا نام نہاد ناکہ بندی کی آڑ میں سمندری قزاقی اور بحری چوری جیسے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہی حالات کے باعث آبنائے ہرمز پر کنٹرول دوبارہ بحال کر لیا گیا ہے اور اب یہ اہم سمندری گزرگاہ ایرانی مسلح افواج کی سخت نگرانی میں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جب تک امریکا ایران سے آنے اور جانے والے جہازوں کے لیے مکمل آزاد آمد و رفت بحال نہیں کرتا، اُس وقت تک آبنائے ہرمز کی صورتحال سخت کنٹرول میں رہے گی اور اپنی سابقہ حالت پر برقرار رکھی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران نے آبنائے ہرمز کو لبنان جنگ بندی کی پیش رفت سامنے آنے کے بعد کھولنے کا اعلان کیا تھا۔