پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں ہونے والے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران دشمن پاکستان کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت دیکھ کر حیران رہ گیا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششیں قابل تعریف ہیں، خصوصاً سید عاصم منیر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے، تاہم معرکہ حق اور بنیان المرصوص میں پاک فوج کی حکمت عملی نمایاں رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے طیارے مار گرائے بلکہ ایک نئی تاریخ بھی رقم کی۔
ائیر چیف کے مطابق مئی کے معرکے میں دشمن پاکستان کی طاقت سے ششدر رہ گیا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تقریب سے قبل ظہیر احمد بابر سدھو نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
