برطانوی اخبار کے مطابق برطانیہ نے آبنائے ہرمز کے لیے بحری جنگی جہاز بھیجنے سے امریکا کو انکار کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے مدد کی اپیل مسترد کر دی۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ کیئر اسٹارمر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح طور پر آگاہ کیا کہ برطانیہ اس مقصد کے لیے تیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے مدد طلب کی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ چین کے ساتھ ساتھ فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ بھی اپنے جنگی جہاز آبنائے ہرمز بھیجیں گے۔
دوسری جانب اس معاملے پر عالمی سطح پر واضح ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ جاپان پہلے ہی اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکا ہے اور چین بھی امریکی مطالبے پر خاموش ہے۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ امریکی اپیل کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ فرانس اس سے قبل ہی خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکا ہے۔
