پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی قیادت بدستور شان مسعود کے پاس رہے گی، جبکہ چار نئے کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس اسکواڈ کے پانچ کھلاڑی اس وقت لاہور میں جاری این سی اے کے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں، قومی ٹیم 27 اپریل کو کراچی میں تربیتی کیمپ جوائن کرے گی، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں مصروف کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔
کیمپ یکم مئی کو ختم ہوگا، جس کے بعد ٹیم 2 مئی کو بنگلادیش روانہ ہوگی۔
دورہ بنگلادیش کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسد شفیق بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
