کراچی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے سے غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر صرف حکومت کی منظور شدہ نمبر پلیٹس نصب کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال قانونا ممنوع ہے، کیونکہ اس سے شناخت میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور سکیورٹی خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 30 مارچ 2026 سے شہر بھر میں باقاعدہ کریک ڈاؤن مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کے دوران غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست کروا لیں اور صرف سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں۔
