امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان سیاسی طور پر نورا کشتی جاری ہے، جبکہ دونوں جماعتوں نے مل کر شہر قائد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے اور پیپلز پارٹی و ایم کیو ایم نے مل کر شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق عید کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام انتہائی ابتر رہا، جبکہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر بورڈ کا موجودہ نظام بھی ناکام ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سال گزرنے کے باوجود ادارے وہی پرانا اور غیر مؤثر نظام چلا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں پانی کا شدید بحران ہے، آدھے شہر کو پانی میسر نہیں جبکہ ٹینکر مافیا سرگرم ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کا نام پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بن چکا ہے، تاہم جماعت اسلامی کے زیر انتظام ٹاؤنز میں نسبتاً بہتر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے انتظامی اور بلدیاتی نظام میں فوری اصلاحات کی جائیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
