لاہور کے علاقے سندر میں شہری نے بیوی کی جانب سے مبینہ تشدد کے خلاف سیف سٹی پبلک سیفٹی ایپ کے ویڈیو کال فیچر کے ذریعے شکایت درج کروائی۔
ترجمان کے مطابق شہری نے ویڈیو کال کے دوران مبینہ تشدد کے شواہد بھی ریکارڈ کروائے اور جان سے مارنے کی دھمکی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
سیف سٹی آفیسر نے شکایت موصول ہوتے ہی فوری طور پر تھانہ سندر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے دونوں فریقین سے تفصیلی معلومات حاصل کر کے معاملے کی جانچ پڑتال کی۔
ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی آفیسر اور پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث گھریلو تنازعہ خوش اسلوبی سے حل کر دیا گیا۔
سیف سٹی کے مطابق شہری اس ایپ کے ذریعے ہنگامی حالات میں فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں اور ویڈیو کال کے ذریعے شواہد براہِ راست سیف سٹی کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
