وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب گئے ہیں، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں خطے میں جاری کشیدگی، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی مشاورت کے سلسلے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
