وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ انٹیلیجنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے ایک مبینہ خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر کے پاکستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے خاتون کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار خاتون کو اسلام آباد میں خودکش حملے کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم انٹیلیجنس ایجنسیوں نے بروقت کارروائی کر کے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں، حکومت بچیوں کو تعلیم اور محفوظ مستقبل دینا چاہتی ہے جبکہ دہشتگرد انہیں خودکش حملوں کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ سرفراز بگٹی کے مطابق خاتون کو دھمکیاں دی گئی تھیں کہ اگر اس نے حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد تنظیمیں اپنے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے بلوچ خواتین اور بچیوں کا استحصال کر رہی ہیں، حالانکہ بلوچ خواتین کبھی ایسی جنگوں کا حصہ نہیں رہیں۔

انہوں نے انٹیلیجنس اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی کے باعث نہ صرف ایک بڑی دہشتگردی روکی گئی بلکہ ایک نوجوان لڑکی کو بھی اس خطرناک راستے سے بچا لیا گیا۔