میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ایک نیا قبرستان بنایا جائے گا جس سے شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی۔
کے ایم سی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہر کے کمرشل ایریاز کی حالت بہت خراب تھی، تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام کر رہی ہے۔ اولڈ سٹی ایریا میں 75 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جائیں گے، جبکہ لی مارکیٹ، کھجور مارکیٹ، میٹھادر اور کھارادر میں بھی منصوبے جاری ہیں۔ شہر کی مختلف مارکیٹوں پر ایک ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس سال کراچی شہر پر مجموعی طور پر 68 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جن میں 1058 اسکیمیں شامل ہیں جن میں سڑکیں اور پرانی عمارتیں بھی شامل ہیں۔ ٹاؤنز کی اندرونی گلیوں میں بھی ترقیاتی کام کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔
میئر نے مزید بتایا کہ گل پلازہ کے اطراف کے علاقوں میں ترقیاتی کام شروع ہونا تھا، لیکن بدقسمتی سے گل پلازہ کا واقعہ ہوا۔ کڈنی ہل پارک پر پرندوں کے لیے ایوری کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جو شہر کا سب سے بڑا ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ میمن گوٹھ روڈ پر نیا قبرستان دو ماہ میں مکمل ہو جائے گا، جس پر 43 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اسی طرح عظیم پورہ انٹر سیکشن پر کام کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں فلائی اوور بنایا جا رہا ہے تاکہ سگنلز ختم کیے جا سکیں۔
