امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی صورتحال سنگین ہے اور ہر گھر پریشانی کا شکار ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بار بار پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بوجھ ڈال رہا ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے کراچی کے گلبرگ ٹاؤن میں تعلیم کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، حکومت ہر ہفتے “پیٹرول بم” گرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے برعکس گلبرگ ٹاؤن نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ہزاروں طلبہ کے لیے تعلیم کارڈ متعارف کروا کر ایک مثبت مثال قائم کی ہے، جس کے تحت طلبہ کو کورسز اور تعلیمی سامان کی خریداری کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمن کے مطابق جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام دیگر 8 ٹاؤنز میں بھی جلد تعلیم کارڈ کا اجرا کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکے۔
