کراچی (ویب ڈیسک
پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضروری اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان پی پی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ انسولین سمیت تمام لائف سیونگ ادویات کی قیمتیں حکومت کے کنٹرول میں ہیں اور حالیہ مہینوں میں ادویات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ صورتحال کے باعث خام مال کی درآمدی لاگت میں اضافہ ضرور ہوا ہے، تاہم اس کے باوجود ادویات کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔

پی پی ایم اے کے مطابق تمام اقسام کی ادویات اور ویکسینز کی سپلائی جاری ہے جبکہ انسولین، اینٹی بائیوٹکس، دل، بلڈ پریشر اور شوگر کی ادویات سمیت دیگر ضروری ادویات بلا تعطل دستیاب ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں استعمال ہونے والی تقریباً 90 فیصد ادویات مقامی سطح پر تیار کی جاتی ہیں اور کمپنیوں کے پاس خام مال اور تیار ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔تاہم ترجمان نے کہا کہ بعض جدید اور جان بچانے والی ادویات کی محدود دستیابی کی وجہ حکومت کی جانب سے قیمتوں کے نوٹیفکیشن میں تاخیر ہے۔ ان ادویات میں کینسر کی جدید ادویات، ویکسینز اور امیونوگلوبیولنز شامل ہیں۔ پی پی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ منظور شدہ قیمتوں کا بروقت نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ ان ادویات کی دستیابی مزید بہتر بنائی جا سکے۔
