پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور فخر زمان انجرڈ ہیں، اسی وجہ سے وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات کرائی جائیں گی کہ دونوں اہم کھلاڑی ورلڈ کپ کے فوری بعد کیسے انجری کا شکار ہوئے اور یہ جاننا ضروری ہے کہ آیا یہ انجری ایونٹ کے دوران ہوئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عاقب جاوید نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، مگر ہم توقع کے مطابق پرفارم نہیں کر سکے۔ بھارت کے خلاف رزلٹ اب تک 8 صفر ہے، اس میں سب کھلاڑی شامل ہیں مگر بھارت کا میچ الگ شمار کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا اور سیمی فائنل میں باہر ہونے کے بعد سب بحثیں شروع ہو گئیں۔ عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم سمیت کسی کھلاڑی کے ورلڈ کپ میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ مل کر کیا گیا، اور بنگلہ دیش میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا منصوبہ پہلے سے طے تھا۔
سلیکشن کمیٹی کے رکن نے مزید کہا کہ بابر اعظم، فخر زمان اور سلمان مرزا فی الحال کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہیں، اور یہ دیکھنا ضروری ہے کہ اگر فائنل میں پہنچ جاتے تو کیا وہ کھیلنے کے لیے فٹ ہوتے۔
عاقب جاوید نے واضح کیا کہ پلیئنگ الیون کا فیصلہ مکمل طور پر کوچ اور کپتان کی ذمہ داری ہے اور سلیکشن کمیٹی کا اس میں کوئی حصہ نہیں ہے، کیونکہ گراؤنڈ پر کھلاڑیوں کو لڑانا اور کھیلنے کا فیصلہ صرف کپتان اور کوچ کے اختیار میں ہونا چاہیے۔
