ویب ڈیسک :
بھارت کی جانب سے بزدلانہ جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کرلیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں 2 زخمیوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پاک فوج کے جوان اسپتال میں زیرِ علاج تھے، پاک افواج کے شہداء کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 78 جوان دورانِ ڈیوٹی زخمی ہوئے۔ بھارت کے وحشیانہ حملوں میں 40 شہریوں اور 11 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا کی عظیم قربانی ان کی جرات، فرض شناسی اور بےمثال حب الوطنی کی لازوال مثال ہے، پاکستان کی مسلح افواج، پوری قوم کے ساتھ مل کر ان عظیم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہیں اور زخمی ہونے والے تمام جوانوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا کی قربانی قوم کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہےگی اور آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ فخر بنے گی
