راولپنڈی پولیس نے تھانہ مندرہ کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن ثناء شہریار کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دلہن کے پاس اسلحے کا لائسنس موجود نہیں تھا۔
پولیس حکام کے مطابق دلہا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، پولیس کو ہوائی فائرنگ کی ویڈیو موصول ہوئی، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق دلہا نے دلہن کو پستول دیا، فوٹوگرافر نے ہدایت دی، اور دلہن نے فائرنگ شروع کر دی، ویڈیو منظر عامر پر آنے کے بعد دلہن نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم لیڈی کانسٹیبل نے اسے ناکام بناتے ہوئے دلہن کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ دلہن کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ دلہن کے اہل خانہ نے ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔
