وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے پوزیشن تسلی بخش ہے اور گھبراہٹ میں خریداری یا غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کی ضرورت نہیں۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ مارچ کی تمام ضروریات مکمل طور پر محفوظ کر لی گئی ہیں اور اپریل کے لیے بھی ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ عالمی منڈی سے ایندھن کی سپلائی کے مزید ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی کمی سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب سیکرٹری پیٹرولیم نے واضح کیا کہ 14 اپریل کے بعد ملک میں ایل این جی دستیاب نہیں ہوگی، جس کے باعث اپریل میں پاور سیکٹر کی گیس کی ضروریات پوری نہیں کی جا سکیں گی۔
وزیر خزانہ نے عوام اور صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ سکون سے رہیں اور مارکیٹ میں کسی بھی غیر ضروری سرگرمی سے گریز کریں۔
