پاکستان میں آٹو سیکٹر کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔
کراچی: پاکستان میں ’’میڈ اِن پاکستان الیکٹرک‘‘ گاڑی جون 2026 میں متعارف کرائی جائے گی جس کی قیمت 10 لاکھ روپے سے بھی کم ہوسکتی ہے، نئی الیکٹرک گاڑیاں ایک چارج پر 180 کلومیٹر تک چل سکیں گی جبکہ پاکستان میں لیتھیئم بیٹری کی پہلی فیکٹری مئی میں پیداوار شروع کرے گی،الیکٹرک گاڑیوں کے 74 فیصد پرزے اب مقامی سطح پر تیار کیے جائیں گے۔

کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حماد علی منصورکا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں گاڑیوں پر ٹیکس میں نمایاں کمی متوقع ہے جس سے ہائبرڈ، الیکٹرک اور پیٹرول گاڑیاں 25 لاکھ روپے تک سستی ہوسکتی ہیں۔ان کے مطابق پاکستان میں لیتھیئم بیٹری بنانے کی پہلی فیکٹری مئی جبکہ دوسری ستمبر میں کام شروع کرے گی اور 74 فیصد پرزے مقامی سطح پر تیار ہوں گے جس سے الیکٹرک گاڑیوں کی قیمت کم ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ نئی الیکٹرک گاڑیاں ایک چارج پر 180 کلومیٹر تک چل سکیں گی جبکہ کچھ ماڈلز کی رینج اس سے بھی زیادہ ہوگی۔حکام کے مطابق ملک میں گاڑیاں بنانے کے 42 کارخانے قائم ہوچکے ہیں اور بڑی آٹو کمپنیوں کی اجارہ داری بتدریج ختم ہورہی ہے۔

