قونصل جنرل اسکاٹ اربام کی اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان کے ساتھ نیشنل اسکواش چیمپیئن شپ میں شرکت
قونصل جنرل اسکاٹ اربام نے کراچی میں منعقدہ نیشنل جونیئر اور ویمنز اسکواش چیمپیئن شپ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ شرکت کی۔ یہ چیمپیئن شپ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن نے امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کی معاونت سے منعقد کی۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر قونصل جنرل نے کھلاڑیوں، کوچز، اور اُن کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور پاکستان میں اسکواش کی مضبوط روایت اور کھیل کے ذریعے سرحدوں کے پار مشترکہ اقدار کی تعمیر پر بات کی۔

قونصل جنرل نے اس موقع پر موجود اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان کی کامیابیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایک نئی نسل کے چیمپیئنز ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس میں اسکواش اور کرکٹ کی شمولیت کا بھی ذکر کیا جو کہ امریکی ریاست کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور اس بات پر زور دیا کہ کھیل نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشروں کو مضبوط کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
قونصل جنرل نے کھیلوں اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ: “میری بیٹیوں نے فٹبال، رگبی، اور ریسلنگ کھیلی۔ ان تجربات نے ان کے اعتماد کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا اور میں چاہتا ہوں کہ یہاں موجود نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو۔”
ریاستہائے متحدہ کی کھیلوں کے ذریعے سفارت کاری کی حمایت میں اضافہ جاری ہے، خاص طور پر America250 اور LA28 گیمز کی تیاریوں کے تناظر میں۔ اس سفر میں کراچی کا کردار قابلِ قدر ہے۔